Tuesday 26 September 2017

ریاض(نیوزڈیسک)خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خواتین کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کرنے کی منظوری دیدی۔عملدرآمد 10شوال 1439ھ سے شرعی ضوابط اور منظور شدہ قوانین کے مطابق کیا جائیگا۔شاہ سلمان  نے اس پر عمل درآمد کیلئے درکار انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے  داخلہ، خزانہ اور محنت  و سماجی فروغ کی وزارتوں کے نمائندوں پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی  تشکیل دیدی۔ اسے 30دن کے اندر سفارشات پیش کرنے کا پابند بھی بنادیا۔تفصیلات کے مطابق شاہ سلمان نے وزیر داخلہ کے نام  اس حوالے سے خط تحریر کیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ سعودی علماء بورڈ کی اکثریت نے خواتین کو ڈرائیونگ کے اجازت نامے جاری کرنے کے حق میں رائے دی ہے۔ اس حوالے سے علماء کا موقف یہ ہے کہ اسلامی شریعت کے بنیادی اصول کے مطابق تمام امور اصلاً جائز ہیں۔جو  علماء  خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت  کے حوالے سے تحفظات رکھتے ہیں انکی سوچ یہ ہے کہ ڈرائیونگ کی اجازت سے برائیاں پیدا ہوسکتی ہیں جبکہ اسلامی شریعت نے برائیوں کے سدباب کا حکم دیا ہے۔ان حضرات کے ذہنوں میں جو ممکنہ برائیاں ہیں وہ یقینی نہیں ہیں اور نہ ہی غالب گمان کے درجے میں آتی ہیں۔ان حضرات کی رائے یہ ہے کہ اگر ممکنہ برائیوں کے تدارک کیلئے شرعی اور قانونی ضمانتیں مہیا ہوجائیں تو ایسی حالت میں خواتین کو ڈرائیونگ کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ شاہ سلمان نے اپنے خط میں اس امر کی جانب توجہ مبذول کرائی کہ سعودی ریاست چونکہ شرعی اقدار کی پاسبان ہے اور وہ  اسلامی اقدار کی حفاظت اور نگہداشت کو ڈرائیونگ سمیت جملہ امور میں اپنی ترجیحات میں سرفہرست رکھے ہوئے ہے لہذا  معاشرے کی سلامتی اور امن کی پاسبانی کیلئے مطلوب جملہ اقدامات کریگی اور اس سلسلے میں ادنی فروگزاشت سے کام نہیں لے گی۔ شاہ سلمان نے مذکورہ تناظر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ٹریفک قانون کے ضوابط اور اس کا لائحہ عمل منظور کرلیا جائے۔ مرد اور خواتین دونوں کو بلا استثنیٰ ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے جائیں۔ داخلہ، خزانہ اور محنت و سماجی فروغ کی وزارتیں اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کرکے  فیصلے پر عمل درآمد کیلئے مطلوب تدابیر کا جائزہ لیں۔ کمیٹی 30دن کے اندر سفارشات پیش کرے۔ عمل درآمد 10شوال 1439ھ سے شرعی ضوابط اور منظورشدہ قوانین کے مطابق ہوگا او راسکے بموجب تمام ضروری تدابیر روبعمل لائی جائیں۔

0 comments:

Post a Comment

Daily Visitor Report

Follow On Facebook

Popular Posts

Popular Posts

Popular Posts

VIDEO