Thursday 28 September 2017

    ریاض------- سعودی وزیرداخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نایف نے اطمینان دلایا ہے کہ نئے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کرانے کیلئے تیاریاں مکمل ہیں۔ معاشرے کے امن و سلامتی کی حفاظت کیلئے مطلوب تمام تدابیر کی جائیں گی۔ خواتین اور مردوں پر ٹریفک قوانین لاگو ہوںگے۔ خواتین کی ڈرائیونگ سے امن عامہ کے اہلکار کسی طرح کی کوئی دشواری  محسوس نہیں کریں گے۔ دریں اثناء وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے بتایا کہ 18برس کی لڑکیاں بھی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتی ہیں۔ مملکت میں لڑکے اور لڑکیوں دونوں کیلئےڈرائیونگ لائسنس کی قانونی عمر 18برس ہے۔ دنیا بھر میں یہی عمر مقرر ہے۔ جو بھی 18برس کا ہو گا یا ہوگی اسے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کا حق ہو گا۔ سیکیورٹی اہلکار مملکت میں تمام شاہراہوں  اور سڑکوں پر موجود ہوں گے۔ شہروں کے اندر بھی اور شہروں کو جوڑنے والی سڑکوں پر بھی ۔ الترکی نے کہا کہ خواتین کی ڈرائیونگ کی بدولت ٹریفک سلامتی کا معاملہ تربیتی اسکول کی حیثیت اختیار کر لے گا۔ اس کی بدولت جانی اور مالی نقصانات محدود ہو جائیںگے۔ امن عامہ کے اہلکار ہر اس جگہ موجود ہوں گے جہاں جہاں خواتین گاڑی کے اندر ہوں گی۔ دوسری جانب ڈرائیونگ سکھانے والی قومی کمیٹی جلد ہی اجلاس منعقد کرے گی۔ خواتین کو ڈرائیونگ سکھانے کی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ قومی کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر مخفور آل بشر نے بتایا کہ مصر ، اردن اور سوڈان سے ٹرینر خواتین طلب کی جائیں گی تا کہ مملکت کے تمام شہروں میں قائم ڈرائیونگ اسکولوں میں خواتین کو گاڑی چلانا سکھائیں۔ مملکت میں ایسے 65اسکول ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ جدہ ، ریاض ، مشرقی ریجن اور مکہ مکرمہ جیسے بڑے شہروں میں قائم ہر اسکول میں 4ٹرینر خواتین تعینات ہوں گی۔ ڈرائیونگ سیکھنے کیلئے خواتین کثیر تعداد میں رجوع کریں گی۔


0 comments:

Post a Comment

Daily Visitor Report

Follow On Facebook

Popular Posts

Popular Posts

Popular Posts

VIDEO